وفاقی وزیرِ داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے انڈیا نہیں جائے گی۔ انڈیا میزبان ہے وہ فیصلہ کرے کہ اس نے کہاں کھلانا ہے۔
نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم انڈیا کے علاوہ کسی بھی جگہ کھیلنے کو تیار ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ فیصلہ پہلے ہوچکا ہے، میچ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوں گے، انڈیا میزبان ہے اور اب اس نے فیصلہ کرنا ہے کہ میچز کہاں کھیلانے ہیں۔
محسن نقوی نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب کوئی ٹیم یکجہتی کے ساتھ کھیلتی ہے تو اسی طرح کے شاندار نتائج سامنے آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویمن کرکٹرز کو انعام ضرور ملے گا کیونکہ یہ ان کا حق ہے اور یہی اصول ہر ٹیم پر لاگو ہوتا ہے۔
شاباش ۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم شاباش۔ محسن نقوی
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) April 19, 2025
لاہور۔ چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی ایل سی سی اے گراؤنڈ آمد
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم سے ملاقات۔ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹورنامنٹ میں خواتین کھلاڑیوں… pic.twitter.com/gvcYqTOfIm
محسن نقوی نے کہا کہ ویمن ٹیم میں وقت کے ساتھ ساتھ چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں کی گئیں اور اب ٹیم ایک درست ٹریک پر آ گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسی طرح انڈر 19، شاہین اور قومی ٹیم کے نتائج بھی جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔
قومی ٹیم کے مستقبل سے متعلق سوال پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اہم فیصلے جلد متوقع ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی کہ عاقب جاوید کو عبوری طور پر ذمہ داری سنبھالنے کی درخواست کی گئی تھی، تاہم یہ فیصلہ عارضی نوعیت کا تھا اور آئندہ ہفتے اس حوالے سے مزید پیشرفت ہوگی۔
مزید پڑھیں : پاکستان ویمنز ٹیم نے ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے لیے کوالیفائی کر لیا
واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی سی بی نے پاکستان ویمنز ٹیم سے ملاقات کی اور انہیں آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ٹیم کے لیے انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ کھلاڑی ورلڈکپ میں بھی اسی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گی۔