Follw Us on:

انسانی اسمگلنگ، انسداد منشیات اور بھکاری مافیا: وزیر داخلہ کی سعودی سفیر سے تفصیلی ملاقات

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مشترکہ مفادات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یہ ملاقات اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع سعودی سفارتخانے میں ہوئی جہاں سعودی سفیر نے وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے سعودی حکومت اور سفیر کا پاکستان کے معاشی اور سماجی شعبوں میں مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ جیسے مسائل کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت نے پاسپورٹ کے اجرا میں نئی شرائط متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ بھکاریوں اور غیر قانونی امیگریشن کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔

محسن نقوی نے پاک گلف تعاون کونسل کی انسداد منشیات کانفرنس میں سعودی وفد کی شرکت پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس شعبے میں مشترکہ کوششیں انتہائی ضروری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھکاری مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور سعودی شہریوں کے لیے پاکستان میں بغیر ویزے آمد کی سہولت بھی برقرار ہے۔

وزیر داخلہ نے منشیات کیس میں ملوث ایک بے گناہ پاکستانی خاندان کی رہائی کے لیے سعودی حکومت کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ سعودی عرب کی کوششوں کی بدولت ہی خاندان کے پانچ افراد کو رہائی ملی اور وہ وطن واپس پہنچے۔

ملاقات کے اختتام پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے قریبی تعلقات قابلِ فخر ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس