وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک عالمی امن پسند رہنما قرار دیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاپائے روم اربوں انسانوں کو اچھائی کی ترغیب اور امن و سلامتی کے لیے رہنمائی فراہم کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنجہانی پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن اور انسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے۔ ان کی قیادت میں کیتھولک چرچ نے دنیا بھر میں محبت، تحمل اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کیا۔ پوپ فرانسس کا طرزِ عمل نہ صرف مسیحی دنیا کے لیے بلکہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے مشعلِ راہ رہا۔
مزید پڑھیں : کینال منصوبہ، پاورشیئرنگ : مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے سرد تعلقات میں ایک بار پھر گرم جوشی
وزیراعظم نے پوپ فرانسس کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر کے موقع پر غزہ اور فلسطین میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کی پامالی روکنے کا ان کا مطالبہ ان کی انسان دوستی اور امن پسندی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے پوپ کی رحلت کو ایک ناقابل تلافی عالمی نقصان قرار دیتے ہوئے ویٹیکن سٹی، عالمی مسیحی برادری اور دنیا بھر میں پوپ کے چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی پوپ فرانسس کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر پوپ فرانسس کا اصولی مؤقف اقوامِ عالم میں سراہا گیا، ان کے انتقال سے دنیا ایک مخلص، نڈر اور امن کے داعی رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سابق جج سپریم کورٹ، جسٹس سرمد جلال عثمانی انتقال کر گئے
دوسری جانب اسپین، آئرلینڈ، فرانس، ایران اور اسرائیل سمیت دنیا کے متعدد ممالک کے سربراہان نے بھی پوپ فرانسس کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور انسانیت کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں نے اپنے بیان میں کہا کہ پوپ فرانسس ہمیشہ کمزور ترین اور ناتواں طبقے کے ساتھ کھڑے رہے اور زیادہ انصاف کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔