پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا 11 میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا گیا، جہاں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو بلے بازی کی دعوت دی۔ زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب اوپننگ کے لیے آئے، مگر صائم ایوب زیادہ دیر کھیل نہ سکے اور 8 گیندوں پر محض 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔
پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔

زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 46، محمد حارث نے 28، الزاری جوزف نے 24 اور حسین طلعت نے 18 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے اچھی گیندبازی کا مظاہرہ کیا گیا، خوشدل شاہ اور عباس آفریدی نے تین، تین، جب کہ میر حمزہ اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کے 148 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کراچی کنگز نے آخری اوورز میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔ کنگز نے 19.3 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان کے عوض 148 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر نے انتہائی عمدہ باری کھیلتے ہوئے 47 گیندوں پر 60 رنز بنائے، جب کہ خوشدل شاہ 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ کنگز کا کوئی بھی بلے باز 20 رنز سے زیادہ نہ بنا سکا۔
زلمی کی جانب سے لیوک ووڈ اور علی رضا نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کیا۔ ووڈ نے تین، علی رضا نے 2، جب کہ عارف یعقوب اور الزاری جوزف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔