پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کینالز منصوبے میں صرف سیلاب کا پانی استعمال کیا جائے گا اور اس پر سندھ ہمیں ہدایات نہیں دے سکتا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو سندھ کے کسانوں کی فکر کیوں نہیں ہوتی؟ وہ خود سندھ میں 16 سال سے اقتدار میں ہے، پہلے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اگر پیپلزپارٹی غلط بیانی کرے گی تو ہم جواب ضرور دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ابھی تک کوئی نہر بننا شروع نہیں ہوئی، تاہم یہ کہنا بھی درست نہیں کہ اگر اتفاق رائے نہ ہوا تو نہریں نہیں بنیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات دھمکیوں سے نہیں ہوتے، بیٹھ کر بات چیت کی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: عظمیٰ بخاری کا چولستان کینالز منصوبے پر سندھ کو جواب، “سیاست نہ کریں، منصوبہ صدر سے منظور شدہ ہے”
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سیلاب کے پانی کو ضائع کرنے کے بجائے مفید منصوبوں میں استعمال کیا جانا چاہیے، سندھ کو یہ حق نہیں کہ وہ ہمیں بتائے ہم اس پانی کا کیا کریں۔
دریں اثنا، دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنے کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے، وکلا کی جانب سے سکھر ببرلو بائی پاس پر دھرنا بھی دیا گیا ہے، جس کے باعث سندھ اور پنجاب کے درمیان ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔
دوسری جانب، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے درمیان اس مسئلے پر مذاکرات کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔