پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا تیرھواں میچ آج ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں یونائیٹڈ نے سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے اور یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا۔
سلطانز کی جانب سے اوپننگ کے لیے کپتان محمد رضوان اور یاسر خان کریز پر آئے۔ دونوں نے 51 رنز کی پارٹنرشپ کی اور پھر یاسر خان آؤٹ ہوکر چلتے بنے، جس کے بعد عثمان خان کریز پر آئے اور اننگ کی کمان سنبھال لی۔

سلطانز کی جانب سے عثمان خان نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے 40 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ محمد رضوان 36 اور یاسر خان 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے زبردست گیند بازی دیکھنے کو ملی۔ یونائیٹڈ کی جانب سے جیسن ہولڈر، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ملتان سلطانز کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ نے 17.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے اور میچ کو 7 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔
اسلام آباد کی جانب سے آیندریس گوس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 45 گیندوں پر 80 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ان کے علاوہ کولن منرو نے 45، صاحبزادہ فرحان نے 22 اور محمد نواز نے 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں لگاتار پانچ فتوحات اپنے نام کرلی ہیں اور پوئنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پہ موجود ہے۔
مزید یہ کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے اس میچ میں 100 وکٹیں لے کر ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔