راولپنڈی، ملتان اور کراچی کے بعد پی ایس ایل کا میلہ آج لاہور میں سجے گا۔ لاہور میں ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی ٹکرائیں گے۔
لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے آغاز کے ساتھ ہی شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد نے قذافی اسٹیڈیم سے نجی ہوٹل تک ٹیموں کی نقل و حرکت کے تمام روٹس، کینال روڈ اور مال روڈ سمیت اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے ملاقات کی۔
انہوں نے ڈولفن، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ میچ کے دوران سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ٹیموں کی موومنٹ کے وقت ہر دستہ الرٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں مجوزہ نہروں کے خلاف وکلا کی ہڑتال، سکھر میں سات روز سے دھرنا
ایس پی ڈولفن نے نجی ہوٹل کے اطراف حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور ٹیموں کی آمد سے قبل تمام روٹس کی دوبارہ چیکنگ کرائی۔

ترجمان ڈولفن کے مطابق اہلکاروں کو گاڑیوں کی درست سمت، سٹینڈنگ پوزیشن اور وزیبلٹی پوائنٹس سے متعلق بریف کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔ قذافی اسٹیڈیم اور روٹ پر تعینات ڈولفن، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کے تمام جوانوں کو چوکس رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
کرکٹ شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے سے قبل مختلف سکیورٹی حصار سے گزرنا ہو گا۔ ایس پی ڈولفن نے تماشائیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور مقررہ چیکنگ پوائنٹس پر لازمی تلاشی کے بعد اندر جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور شائقین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور سکیورٹی ادارے مکمل طور پر مستعد ہیں۔