بینکاک میں ہونے والے ویلٹر ویٹ باکسنگ مقابلے میں پاکستان کے عثمان وزیر نے ایک اور شاندار کامیابی اپنے نام کر لی۔ عثمان وزیر نے انڈین باکسر ایسورن کو پہلے ہی راؤنڈ میں دھول چٹاتے ہوئے ناک آؤٹ کر دیا۔
مقابلے کا آغاز ہوتے ہی عثمان وزیر نے زبردست جارحانہ انداز اپنایا اور حریف پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیے۔ انڈین باکسر ایسورن عثمان کے طاقتور مکوں کے سامنے بے بس نظر آیا اور صرف ایک منٹ 41 سیکنڈز ہی رنگ میں ٹھہر سکا۔
عثمان وزیر کی یہ کیریئر کی 17ویں انٹرنیشنل فائٹ تھی اور وہ تاحال ناقابل شکست ہیں۔ ان کی یہ فتح نجی اسپورٹس چینل “جیو سوپر” پر براہ راست نشر کی گئی۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی، ملتان اور کراچی کے بعد پی ایس ایل کا میلہ آج لاہور میں سجے گا
عثمان کی جیت کی خبر جیسے ہی اُن کے آبائی علاقے استور پہنچی تو جشن کا سماں بن گیا۔ مقامی لوگوں نے علاقائی رقص کیا، خوشیاں منائیں اور فتح کا جشن جوش و خروش سے منایا۔
عثمان وزیر کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “عثمان کی کامیابی صرف ہمارے خاندان کی نہیں، یہ پوری قوم کی کامیابی ہے۔”
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی
واضح رہے کہ پاکستانی باکسر کی یہ فتح نہ صرف کھیل کے میدان میں ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام بھی روشن کر رہی ہے۔