April 26, 2025 10:50 pm

English / Urdu

Follw Us on:

پی ڈی ایم اے پنجاب کا ہیٹ ویو الرٹ، شہریوں کو محفوظ رکھنے کے اقدامات جاری

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

پنجاب میں شدید گرمی اور ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام ضلعی و بلدیاتی اداروں کو فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مراسلے کے مطابق صوبے بھر کے اربن سنٹرز، پبلک پارکس، کمیونٹی ہالز، یونین کونسل دفاتر اور دیگر لوکل گورنمنٹ عمارتوں میں عارضی و مستقل کولنگ شیلٹرز قائم کیے جائیں تاکہ شہری شدید گرمی میں محفوظ مقامات تک رسائی حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ بھر میں ٹریفک قوانین کے خلاف کریک ڈاؤن، 16 دنوں میں 23,591 موٹر سائکلیں ضبط

مراسلے میں بازاروں، بس اسٹاپس اور مذہبی عبادت گاہوں پر ہائیڈریشن پوائنٹس قائم کرنے اور پانی کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ پبلک ٹوائلٹس اور ہینڈ پمپس کو مکمل طور پر فعال رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ تمام میٹروپولیٹن کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشنز کو ہیٹ ویو کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر فعال کیا جائے، اور واسا و ریسکیو 1122 سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔

مراسلے میں شہری سطح پر عوامی آگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں سپیکرز، بینرز اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے عوام کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا، جب کہ لوکل شخصیات، اساتذہ اور مذہبی رہنماؤں کی مدد سے اس مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہر یونین کونسل اور میونسپل کارپوریشن میں ہیٹ ویو سے متعلق نمائندہ تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ تمام اقدامات کو بہتر انداز میں مربوط اور مؤثر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس