چولستان کے صحرا میں ڈیراور قلعے کے قریب مقامی افراد نے نایاب انڈین سرمئی بھیڑیے کو ہلاک کر دیا۔
محکمہ وائلڈ لائف بہاولپور کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عثمان بخاری کے مطابق واقعہ کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
گرفتار شخص کی شناخت مکھن ولد خادم کے نام سے ہوئی ہے جو عظیم والا ٹوبہ، تحصیل یزمان کا رہائشی ہے۔ ملزمان پر پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ماہرین جنگلی حیات کے مطابق انڈین بھورا بھیڑیا معدومی کے خطرے سے دوچار نسل ہے جو پاکستان، انڈیا اور ایران کے صحرائی علاقوں میں شاذ و نادر ہی دکھائی دیتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب چولستان میں اس نایاب جانور کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
ماہرین جنگلی حیات نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وائلڈ لائف فیلڈ اسٹاف کو فوری کارروائی کرنی چاہیے تھی تاکہ جانور کو بچایا جا سکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ صحرائی علاقوں میں غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے نگرانی کو مؤثر بنایا جائے۔