امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی کال پر ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے، ملک کے بیشتر شہروں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔ یہ ہڑتال امریکی سرپرستی میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور انڈیا کے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کے خلاف کی جارہی ہے۔
لاہور میں تمام مارکیٹیں بند ہیں، کہیں کہیں دکانیں کھلی بھی نظر آئیں۔ لاہورکی ٹاؤن شپ مارکیٹ، مولانا شوکت علی روڈ، وحدت روڈ، اچھرہ ، کریم مارکیٹ، برکت مارکیٹ، لبرٹی مارکیٹ، گلبرگ، شاہ عالم مارکیٹ اور انارکلی بازار مکمل طور پر بند ہیں۔
یکجہتی غزہ، اسرائیل و انڈیا کی جارحیت کے خلاف جماعت اسلامی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پاکستان بھر میں ہڑتال کی جا رہی ہے۔
اس دوران دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تمام حصوں میں بڑی مارکیٹیں بند ہیں۔ تجارتی مراکز کے سوا دیگر مقامات پر بھی ہڑتال کا اثر نمایاں ہے۔
پاکستان میٹرز کے نمائندوں نے اسلام آباد، لاہور، کراچی، دیر، ملتان، گوادر، ژوب، وہاڑی، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور سے جو اپ ڈیٹس شیئر کی ہیں ان میں ہڑتال کی تازہ ترین صورتحال بتائی گئی ہے۔
مزید جانیں پاکستان میٹرز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں۔
راولپنڈی کے راجہ بازار، مری روڈ، صدر اور کمرشل مارکیٹ میں دکانیں بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

ڈرگسٹ اینڈ کیمسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی ہڑتال کی جا رہی ہے جس کے باعث بیشتر بازاروں میں میڈیکل اسٹور بند ہیں۔
پاکپتن اور گردونواح میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکی سرپرستی میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت: کیا پاکستان میں فلسطین کی حمایت بڑھ رہی ہے؟
ملکہ کوہسار مری میں اہل غزہ سے یکجہتی کے لیے مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ہے، جماعت اسلامی کی شٹر ڈاون ہڑتال کی کال پر تمام کاروباری مراکز بند ہیں، مال روڈ، کینٹ مارکیٹ، بھوربن مارکیٹ، علیوٹ اور پھگواڑی سمیت تمام بازار اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ بھی کم ہے۔
پشاور میں بھی فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شٹرڈاون ہڑتال کے باعث قصہ خوانی بازار، چوک یادگار، اشرف روڈ، چوک ناصر خان اور خیبر بازار میں دکانیں بند ہیں، اہم شاہراؤں پر چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور شاپنگ مالز بھی بند ہیں۔
کوئٹہ میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ہڑتال کی جا رہی ہے، شہر میں تمام اہم بازار اور کاروباری مراکز بند ہیں۔
مستونگ، قلات، خضدار اور پشین سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے۔
ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے، تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز اور دکانیں بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔

کراچی کے کورنگی كراسنگ روڈ پر سیاسی جماعت کی جانب سے فلسطین کے حق میں دھرنا دیا جا رہا ہے جس کے باعث روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے، مظاہرین کی جانب سے سڑکوں کو ٹائر جلا کر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ دھرنے کے باعث روڈ بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کو گودام چورنگی اور ناصر جمپ سے چمڑا چورنگی بھیجا جا رہا ہے۔
ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے شہروں میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی ہے، وہاڑی میں ہڑتال کے ساتھ ساتھ تاجروں نے مظاہرہ بھی کیا ۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم فلسطینیوں کی نسل کشی برداشت نہیں کر سکتی، قوم فلسطینیوں سے اظہار محبت اور اسرائیل امریکا کی مذمت کرے۔