Follw Us on:

“2 مئی تک کینالز نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو 5 مئی کو پورٹ قاسم بند کریں گے، جے یو آئی کا اعلان”

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
جے یو آئی کی جانب سے سکھر ملتان ایم فائیو موٹروے انٹرچینج کے قریب دھرنا دیا گیا۔ (فوٹو: گوگل)

جے یو آئی رہنما راشد محمود سومرو نے خبردار کیا ہے کہ اگر 2 مئی تک نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو 5 مئی کو پورٹ قاسم اور 6 مئی کو کے ٹی بندر بند کر دیے جائیں گے۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے دریائے سندھ سے چھ کینال نکالنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف سکھر موٹروے پر دیا گیا دھرنا پانچ گھنٹوں بعد ختم کر دیا۔

نجی نشریاتی ادارے 24 نیوز کے مطابق جے یو آئی کی جانب سے سکھر ملتان ایم فائیو موٹروے انٹرچینج کے قریب دھرنا دیا گیا، جس میں کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

دھرنے میں مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، سراج احمد شاہ امروٹی، محمد صالح انڈھڑ، مفتی سعود افضل ہالیجوی، حافظ عبدالحمید مہر اور مولانا میر محمد میرک سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: تنازعات کے باوجود بذریعہ راہداری 208 یاتری کرتار پور پہنچ گئے

جے یو آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ دریائے سندھ سے پانی کی نئی کینالز نکالنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ اگر نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو ملک کے اہم تجارتی مراکز کی بندش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ ہم جذباتی تقریریں کرتے ہیں جو بغاوت کے زمرے میں آتی ہیں، لیکن ہم واضح کرتے ہیں کہ غریبوں، مسکینوں، ہاریوں، جزیروں اور معدنی وسائل کی جنگ لڑنے والے محب وطن ہیں، غدار نہیں۔

راشد محمود سومرو نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے محض ایک صوبے کا نام نہیں، ہم پورے ملک کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل کو چھین کر ملک کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور ہم ایسے کسی فیصلے کو تسلیم نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو اس کا پانی ملنا چاہیے، سندھو دریا پنجاب کے لیے نہیں، سندھ کے لیے ہے۔

جے یو آئی رہنما نے کہا کہ کوٹری بیراج سے نیچے دریائے سندھ خشک ہو چکا ہے، ڈیلٹا تباہ ہو رہا ہے اور کراچی سے بدین تک سمندر زمین نگلنے کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب پینے کے لیے پانی میسر نہیں تو سمندر کو کیسے روکا جائے گا؟

یہ بھی پڑھیں: انڈیا کی آبی جارحیت: دریائے جہلم میں اچانک پانی چھوڑا دیا

راشد سومرو نے کہا کہ قمبر شہدادکوٹ میں میتوں کے غسل کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں رہا، طاقتور افراد کی زمینیں آباد کرنے کے لیے سندھ کو خشک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم اور بلاول بھٹو زرداری سے سوال کیا کہ وہ نوٹیفکیشن کیوں جاری نہیں کر رہے؟

انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن جاری کرنا کوئی مشکل کام نہیں، ایک جھٹکے میں یہ فیصلہ ہو سکتا ہے اور 2 مئی زیادہ دور نہیں ہے۔

جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو ہم پرامن طریقے سے اپنے احتجاج کو مزید وسعت دیں گے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس