تحریکِ خالصتان کے اہم رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ پاکستان کےساتھ جنگ کرے۔
نجی نشریاتی ادارے ہم نیوز کے مطابق اپنے ایک جاری کردہ ویڈیو بیان میں گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ انڈین اقلیتوں، بالخصوص سکھوں پر ہونے والے مظالم اب دنیا سے ڈھکے چھپے نہیں رہے۔ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ اینٹ کی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “یہ نہ 1965 ہے، نہ 1971، بلکہ 2025 ہے۔ ہم انڈین آرمی کو پنجاب سے گزر کر پاکستان پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔”
مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: تنازعات کے باوجود بذریعہ راہداری 208 یاتری کرتار پور پہنچ گئے
گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان کا نام ہی ‘پاک’ ہے اور دنیا بھر میں بسنے والے دو کروڑ سکھ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ پاکستان پر حملہ کر سکے۔
سکھ رہنما نے کہا کہ ہماری روایت رہی ہے کہ ہم نے کبھی پہلے حملہ نہیں کیا، لیکن جس نے بھی ہم پر حملہ کیا وہ بچ نہ سکا، خواہ وہ اندرا گاندھی ہو، نریندر مودی ہو یا امیت شاہ۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے مزید کہا کہ ہم نریندر مودی، اجیت ڈول، امیت شاہ اور جے شنکر کو عالمی قوانین کے تحت عالمی عدالت میں لے کر آئیں گے اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈین انتہا پسندوں کا لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پر حملہ، عمارت کے شیشے توڑ دیے
پہلگام واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “انڈیا نے اپنے ہی ہندو شہریوں کو مار کر جھوٹا بیانیہ تشکیل دیا ہے تاکہ سیاسی مقاصد حاصل کیے جا سکیں اور ووٹوں کا کھیل کھیلا جا سکے۔”