مقبوضہ جموں و کشمیر میں انڈین قابض افواج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید پانچ کشمیریوں کے مکانات دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیے۔ تین دن کے دوران تباہ شدہ گھروں کی تعداد سات ہو گئی۔
نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پہلگام حملے کی آڑ میں انڈیا کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے، جہاں انڈین فوج نے عام کشمیریوں کے گھروں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تباہ کیے گئے مکانات عام کشمیری شہریوں کے تھے اور دھماکوں سے قریبی درجنوں گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں کئی خاندان بے گھر ہو کر کسمپرسی کی حالت میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انڈین قابض افواج کا اصل مقصد کشمیریوں کے حوصلے پست کرنا اور انہیں اجتماعی سزا دینا ہے۔
مبصرین کے مطابق انڈیا مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز کے مظالم ڈھا رہا ہے تاکہ مسلمانوں کی زمینوں پر قبضہ کر کے انہیں بے دخل کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: ایک گھنٹہ دہشت گردی ہوتی رہی، کوئی نہیں آیا لیکن پاکستان پر الزام 10 منٹ میں لگا دیا گیا، شاہد آفریدی
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے انڈین کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بربریت مودی سرکار کے ہندوتوا ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کے گھروں سے نکال کر علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کو ختم کرنا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ کشمیری عوام تمام تر انڈین مظالم کے باوجود اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا ایک طرف کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور دوسری جانب ہندوؤں کو ڈومیسائل جاری کر کے مقبوضہ وادی کو ہندو ریاست میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے۔مگر کشمیری عوام اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ اپنے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔