پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے، جو نہ صرف ٹیموں بلکہ شائقین کے لیے بھی حیران کن ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موسم کی شدت اور آپریشنل سہولتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دو اہم میچز کو ری شیڈول کر دیا ہے اور یہ فیصلہ کئی اہم مشاورتوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق یکم مئی کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والا میچ اب لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور اسی دن دو میچز کی میزبانی کرے گا، یعنی ایک مکمل ڈبل ہیڈر، پہلا میچ سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا جس کے بعد شام 8 بجے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا، جیسا کہ پہلے سے شیڈول تھا۔
یعنی یکم مئی کو لاہور کے کرکٹ فینز کو دو میچز ایک ساتھ دیکھنے کا موقع ملے گا وہ بھی صرف ایک ٹکٹ پر۔
پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ لاہور کے شائقین دونوں میچز کا لطف ایک ہی ٹکٹ سے اٹھا سکیں گے جو ایک نایاب موقع ہے۔
ادھر، ملتان میں 10 مئی کو کھیلا جانے والا میچ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اب یہ میچ 11 مئی کو شام 8 بجے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے یہ تبدیلی شائقین اور کھلاڑیوں دونوں کے حق میں کی گئی ہے۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ یکم مئی کے ملتان میچ کے آن لائن ٹکٹ خودکار طور پر ریفنڈ کر دیے جائیں گے، جبکہ فزیکل ٹکٹ رکھنے والوں کو ٹکٹ سنٹرز سے رقم واپس لینا ہوگی۔
دوسری جانب 10 مئی کے لیے خریدے گئے ٹکٹ 11 مئی کے لیے بھی قابل استعمال ہوں گے۔
ذرائع نے پہلے ہی اشارہ دے دیا تھا کہ ملتان کی شدید گرمی کے پیش نظر دن کے اوقات میں میچز کرانا ممکن نہیں رہا اور یہی وجہ بنی ان تبدیلیوں کی۔
کرکٹ کا جوش برقرار ہے مگر اب کھیل کے میدان بھی موسم کی چال پر بدل رہے ہیں۔ کیا یہ تبدیلیاں ٹیموں کی کارکردگی پر اثر ڈالیں گی؟ یہ دیکھنا ابھی باقی ہے۔