افغانستان کے معاملے پر وفاق اورخیبرپختونخوا آمنے سامنے آگئے، صوبہ خود سے معاملات طے کرنے کا خواہشمند جبکہ وفاق کسی بھی ایسی ڈیل کا مخالف ہے۔
نجی ٹی وی ’جیو‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ اور گورنر خیبر پختونخوا کو افغانستان سے آزادانہ ڈیل کی اجازت نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دفاع اور خارجہ امور کا معاملہ آئین میں بہت واضح ہے، قانونی و آئینی طور پر افغانستان سے بات چیت کا معاملہ وفاق کا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا اگروہ چاہتے ہیں آزادانہ طور پر افغانستان سے ڈیل کریں تو وفاق اجازت نہیں دے گا، ایسے عمل کی نہ کوئی قانون اور نہ آئین اجازت دے گا، کوئی اپنی رائے کو وفاق پر مسلط نہیں کر سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اور گورنر کے پی اگر کوئی رائے دینا چاہتے ہیں تو اجلاسوں میں آکر اپنی رائے اور موقف ضرور دیں، وفاقی حکومت کو آکر بتائیں کہ ان کے نزدیک اس مسئلے کا کیا حل ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: چینی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے رابطہ، پاکستان انڈیا کشیدگی میں ثالثی کی پیشکش
یاد رہے کہ سکیورٹی فورسز سویپنگ آپریشن جاری ہے جس میں مزید 17 خوارج کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر حسن خیل کے نواحی علاقوں میں کلیئرنس آپریشن کیا جس میں 17 خوارج ہلاک ہوئے، مارے گئے خوارج اپنے بھارتی آقاؤں کے ایما پر کارروائیاں کر رہے تھے۔
ہلاک ہونے والے 17 خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، شمالی وزیرستان مں 3 دن کی کارروائی کے دوران اب تک 71 دہشگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ روز کے آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے 54 خوارج ہلاک کیے تھے، سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز ہونے والے آپریشن کے فالو اپ میں یہ آپریشن کیا۔