حج 2025 کے سلسلے میں “روٹ ٹو مکہ” منصوبے کے تحت پاکستان سے پہلی پروازیں اسلام آباد اور کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹس سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہو گئیں۔ دونوں شہروں میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جن میں حکومتی نمائندوں، مذہبی و سماجی شخصیات اور عازمینِ حج نے شرکت کی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) کی حج پرواز نمبر PK-713 (بوئنگ 777) منگل کی صبح 5:21 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مدینہ کے لیے روانہ ہوئی۔ اس پرواز میں 427 عازمینِ حج سوار تھے جو “روٹ ٹو مکہ” منصوبے کا حصہ ہیں، جس کا مقصد سعودی عرب میں امیگریشن کے عمل کو پاکستان میں مکمل کرنا ہے تاکہ حجاج کو سہولت میسر ہو۔
سٹیٹ لاؤنج میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، سعودی عرب کے سفیر نوّاف بن سعید المالکی، وزارت مذہبی امور کے سیکریٹری زوالفقار حیدر، معروف مذہبی اسکالر مولانا طاہر اشرفی، سی ای او پی آئی اے، چیف آپریٹنگ آفیسر اور ڈائریکٹر حج سمیت دیگر معزز مہمانان نے شرکت کی۔
اس موقع پر مہمانوں نے حجاج کرام سے گفتگو کی، انہیں مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ (QIAP) سے بھی حج 2025 کی پہلی پرواز PK-7201 صبح 10:10 بجے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئی، جس میں 151 عازمینِ حج سوار تھے۔ اس موقع پر بین الاقوامی ڈیپارچر لاؤنج میں ایک پُروقار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر بلوچستان جناب شیخ جعفر مندوخیل تھے، جنہوں نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے ان کے حج کی قبولیت اور خیر و عافیت کے ساتھ واپسی کی دعا کی۔
اس موقع پر ائیرپورٹ مینیجر وحید عباس، ڈائریکٹر حج بلوچستان جناب الیاس جعفر اور پی آئی اے و دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
عازمین حج نے حکومتی انتظامات اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو گئے۔