گلگت بلتستان کے ضلع گھانچے میں آج بدھ کی صبح ایک افسوسناک حادثے میں ٹریکٹر ٹرالی گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت چار افراد جاں بحق اور متعدد مزدور زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان غلام محمد کے مطابق یہ واقعہ گلشن کبیر کے قریب پیش آیا، جہاں مزدور ایک تعمیراتی منصوبے پر کام کے لیے جا رہے تھے۔
ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے باعث ٹریکٹر تقریباً 150 سے 200 فٹ گہری کھائی میں جاگرا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 16 مزدور زخمی ہوئے، تاہم ریسکیو 1122 کے میڈیا کوآرڈینیٹر ذوالفقار علی کے مطابق زخمیوں کی تعداد 12 ہے۔
تمام زخمیوں کو قریبی ڈسپنسری میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، اور مزید تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔