پاکستان نے 150 افغان ٹرکوں کو واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا جانے کی اجازت دے دی۔ یہ فیصلہ نہ صرف انسانی ہمدردی کا مظہر ہے بلکہ خطے میں بدلتے ہوئے تعلقات کی نئی سمت کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔
وزارتِ خارجہ پاکستان کی جانب سے افغانستان کے سفارت خانے کو جاری کردہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ 25 اپریل 2025 سے قبل ملک میں داخل ہونے والے وہ تمام افغان ٹرک، جو انڈیا کے لیے تجارتی سامان لے کر آئے تھے اور مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس پر رُکے ہوئے تھے وہ سب اب اپنے سفر کو مکمل کر سکتے ہیں۔
یہ فیصلہ افغان سفارت خانے کی 28 اپریل کو بھیجی گئی درخواست کے جواب میں سامنے آیا، جس میں پھنسے ہوئے ٹرکوں کی فہرست پاکستان کو فراہم کی گئی تھی۔
پاکستانی حکام نے نہ صرف ان 150 ٹرکوں کو کلیئر کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے بلکہ یہ بھی کہا ہے کہ اگر مزید ٹرک اس فہرست سے باہر رہ گئے ہیں تو اُن کی تفصیلات فوری فراہم کی جائیں۔
یہ اقدام دونوں ممالک کے مابین اعتماد کی فضا کو فروغ دے گا اور خطے میں تجارت کے بند دروازے شاید اب آہستہ آہستہ کھلنے لگیں۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کا امریکی وزیرخارجہ کو ٹیلی فون: ’ انڈیا کا سندھ طاس معاہدے کو ہتھیار بنانا افسوس ناک ہے‘