Follw Us on:

جج انصاف نہیں کرتے، انصاف کرنا اللہ کا کام ہے، جسٹس جمال مندوخیل

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

اسلام آباد میں یوم مزدور کی مناسبت سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ انہوں نے پوری قوم کے آئینی حقوق کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف دینا صرف اللہ کا کام ہے، ہم صرف شواہد اور دستاویزات کو دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عام طور پر کہا جاتا ہے کہ ججز بولتے نہیں بلکہ فیصلے لکھتے ہیں، لیکن آج وہ دل اور آئین کی بات کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق تمام شہری برابر ہیں اور کسی سے زبردستی مزدوری لینا آئینی خلاف ورزی ہے۔ ہم سب کو اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دینا چاہیے، چاہے ہم جج ہوں یا مزدور۔

جسٹس مندوخیل نے کہا کہ ان کا تعلق ایک ایسے صوبے سے ہے جہاں کان کنی کی جاتی ہے اور مزدور جان کی بازی لگا کر کام کرتے ہیں۔ حکومت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے مزدوروں کے لیے مؤثر قوانین بنانے چاہئیں تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مزدور کسی کا غلام نہیں، ہر انسان کو اس کا حق ملنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: موٹر وے پر مسافر کوچ اور ٹرالر میں تصادم، بنوعاقل میں ٹریفک حادثے میں تین افراد جاں بحق

انہوں نے کہا کہ جب ہم فیصلے کرتے ہیں تو دباؤ، خوف یا لالچ سے آزاد ہو کر کرتے ہیں، اور وہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ عدلیہ آئینی ذمہ داریوں کو نبھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی فریق کہے کہ یہ اس کا حق ہے تو وہ فیصلہ صرف اس کی بنیاد پر کریں گے جو دستاویزات میں درج ہو گا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ انہیں اور ان کے ساتھی ججز کو اپنے حلف کی پابندی کرنے کی توفیق دے۔

کانفرنس سے چیئرمین این آئی آر سی شوکت عزیز صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبر 2024 میں انہیں یہ ذمے داری سونپی گئی، اور قانون کے مطابق ان کا بنیادی کام مزدور اور صنعت کار کے درمیان پل بننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد یہی تھا کہ مزدور اور مالک ایک میز پر بیٹھ کر بات کریں اور خوشی ہے کہ وہ اس مقصد میں کامیاب ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب صنعت کا پہیہ چلے گا تو مزدور کا چولہا بھی جلے گا، اور یہ تب ہی ممکن ہے جب دونوں فریق ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس