Follw Us on:

محنت کشوں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے اہم قانون سازی اور اصلاحات کی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

یومِ مزدور کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت نے محنت کشوں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے اہم قانون سازی اور اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں پہلی بار قومی پیشہ ورانہ حفاظت و صحت سے مزدور مستفید ہو رہے ہیں، جس کا مقصد روزگار کی جگہوں کو محفوظ اور صحت مند بنانا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی یومِ مزدور پر پیغام دیتے ہوئے محنت کشوں کو ملکی ترقی میں ان کے کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتی ہوئی عالمی جاب مارکیٹ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوانوں اور مزدوروں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے منصفانہ لیبر ماحول تشکیل دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پوری قوم کے آئینی حقوق کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے، جسٹس جمال مندوخیل

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا میں یکم مئی کی مناسبت سے تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ وہ حکومتیں جو مزدوروں کا حق کھا رہی ہوتی ہیں وہ بھی میڈیا میں ظاہر کرنے کے لیے کچھ بیانات دے دیتی ہیں اور پیغام دیتی ہیں کہ ہم نے یوم مزدور منا لیا۔ اور اسی طرح این جی اوز، مختلف انجمنیں مختلف نوعیت کی سرگرمیاں کر کے بات کو ختم کر دیتی ہیں۔ لیکن سچی بات یہ ہے کہ مزدوروں کے جو حالات ہیں اکثر لوگوں کو اس کا اندازہ ہی نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے مزدوروں کو ان کی مزدوری کا حق ملنا چاہیے۔ ان کو مقرر کردہ اجرت دی جانی چاہیے۔ ان کا حق یہ ہے کہ جب وہ بیمار ہوں تو ان کو بہتر سے بہتر علاج ملے۔ ان کو مختلف قسم کے سوشل سیکیورٹی کے اداروں کے ساتھ منسلک کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا وہ مزدور جو یومیہ کام کرتے ہیں اور بیمار ہو جاتے ہیں تو کام پر نہیں جا سکتے تو ان کے پیچھے کوئی کمانے والا نہیں ہوتا جب کہ کھانے والے زیادہ ہوتے ہیں۔ ایسے مزدوروں کے لیے بھی اداروں کو کام کرنا چاہیے۔ سرکار کے ہسپتالوں میں سہولیتیں حاصل نہیں ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری زندگی کو آسان بنانے والے ہاتھ قابلِ فخر ہیں۔

دوسری طرف چیئرمین نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن، شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے این آئی آر سی پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کے پہیے کو رواں رکھنا مزدور کے چولہے کو جلانے کے مترادف ہے، اور اسی مقصد کے لیے مالکان اور محنت کشوں کو ایک میز پر لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس