جمیکا میں مشہور ٹک ٹاک شخصیت جباری جانسن، جو ’بابا سکینگ‘ کے نام سے جانے جاتے تھے، کو لائیو اسٹریم کے دوران گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
جب یہ واقعہ پیش آیا، جانسن اپنے ایک دوست کے ساتھ سوشل میڈیا پر لائیو تھے اور ہنسی مذاق کر رہے تھے۔ اچانک ایک نقاب پوش شخص، جو سیاہ کپڑوں میں ملبوس تھا، پیچھے سے آیا اور اسے سر اور سینے پر قریب سے گولیاں مار دیں۔ جانسن موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ پیر کی شام جمیکا کے علاقے ریڈ ہلز روڈ پر پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امید ہے انڈیا خطے میں وسیع پیمانے پر تنازعہ پیدا نہیں کرے گا، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس
جانسن معروف ریگے سنگر جاہ میسن کے بیٹے تھے۔ ان کے والد نے تصدیق کی کہ بیٹے کی موت ہو چکی ہے، مگر صدمے کے باعث مزید کچھ کہنے سے انکار کر دیا۔
یہ جمیکا میں ایسا پہلا واقعہ نہیں۔ پچھلے سال بھی تین دیگر مشہور ٹک ٹاکرز مارلن سیموئلز، زیویئر فوگہ اور کیونو واٹسن کو بھی گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔
ایسے واقعات صرف جمیکا تک محدود نہیں۔ دسمبر 2024 میں، میکسیکو میں بھی ایک مشہور ٹک ٹاکر گورڈو پرکوئی اور ان کی اہلیہ کو ایک گینگ حملے میں قتل کر دیا گیا تھا۔