Follw Us on:

جنوبی وزیرستان میں خفیہ آپریشن، چار دہشت گرد ہلاک، دو سیکیورٹی اہلکار زخمی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
جنوبی وزیرستان میں خفیہ آپریشن

جنوبی وزیرستان کے علاقے برمل میں واقع کلوٹائی گاؤں جمعے کے روز اُس وقت میدانِ جنگ بن گیا جب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ایک حساس آپریشن کا آغاز کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ایک رہائشی کمپاؤنڈ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا جس کے فوراً بعد دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کر دی۔

گولیوں کی تیز بوچھاڑ اور دھماکوں کی گونج نے پورے علاقے کو لرزا کر رکھ دیا۔ دو طرفہ مقابلے کے دوران چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ دو سیکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے جنہیں موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

آپریشن کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مکمل سرچ آپریشن کیا جس کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

 حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ علاقے میں امن کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں ایک غیر فعال بینک کی عمارت کو دہشت گردوں نے دھماکے سے اُڑا دیا۔

مقامی پولیس کے مطابق، بینک کا عملہ سیکیورٹی خطرات کے باعث پہلے ہی بنوں منتقل ہو چکا تھا۔ عمارت سے چند روز قبل فرنیچر بھی مقامی افراد اٹھا کر لے گئے تھے۔ دھماکے کے بعد مقامی تاجر شدید تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

اسی اثنا میں، شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک میں سیکیورٹی کیمپ کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں ہر قسم کی تعمیر، رہائش اور نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی فورسز کی درخواست پر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں سیکیورٹی ادارے ذمہ دار نہ ہوں گے۔

علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی نے نہ صرف عوام کو عدم تحفظ کا شکار کر رکھا ہے بلکہ روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی مفلوج کر دیا ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی قبائلی عمائدین کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا تاکہ مستقل بنیادوں پر امن و امان کی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

مزید پڑھیں: کاغذوں میں کروڑوں اور سڑکوں پر سناٹا، الیکٹرک بسوں کا خواب ادھورا کیوں ہے؟

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس