کوٹ لکھپت پولیس نے لاہور میں کمسن بیٹے کے ذریعے ہنی تریپ کرنے والی خاتون کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق کوٹ لکھپت پولیس نے خاتون ملزمہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتارکر کے ہتھیائی گئی رقم 2 لاکھ روپے برآمد کرلیے، گرفتار ملزمان میں گینگ کی سرغنہ خاتون ثمر ندیم، اس کا بیٹا عظیم اور ایک ساتھی خالد شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے پیزا ڈلیوری بوائے کو گھر بلا کر اس کی نازیبا ویڈیو بنائی اور بعد ازاں 50 لاکھ روپے کا تقاضا کیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشین ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، پہلگام واقعے پر انڈین الزامات کو مسترد کردیا
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون ثمر ندیم مختلف طریقوں سے لوگوں کو اپنے جال میں پھنسا کر اُن کی ویڈیوز بناتی اور پھر اُنہیں بلیک میل کرکے نقدی، موبائل فونز اور قیمتی اشیاء ہتھیا لیتی تھی۔
ملزمہ کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق وہ یہ تمام کارروائیاں اپنے بیٹے کے ذریعے ترتیب دیتی تھی۔ تازہ ترین کیس میں خاتون نے پیزا ڈلیوری بوائے کو گھر بلایا، نازیبا ویڈیو بنائی اور اُسے دھمکیاں دے کر بڑی رقم کا مطالبہ کرتی رہی۔
حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے اس نوعیت کی کئی دیگر وارداتوں کا انکشاف بھی کیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔ پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔