سکھ برادری نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کو فالس فلیگ آپریشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گرو صاحب کی دھرتی (پاکستان) پر آنچ بھی آئی تو انڈیا کو چھوڑیں گے نہیں۔
نجی نشریاتی ادارے سماء نیوز کے مطابق سکھ رہنماؤں نے اپنے بیانات میں واضح کیا ہے کہ انڈیا نے پہلگام کا ڈرامہ رچا کر پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی سازش کی ہے۔ اگر انڈیا نے پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو سکھ برادری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔
سکھ رہنماؤں نے مزید کہا کہ اگر جنگ ہوئی تو انڈین فوج کو پنجاب کی سرزمین سے گزرنے نہیں دیں گے۔ گرو صاحب کی دھرتی (پاکستان) پر اگر آنچ بھی آئی تو انڈیا کو چھوڑیں گے نہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان، انڈیا کشیدگی سے افغانستان اور خطے میں منفی اثرات مرتب ہوں گے، افغانی وزیر خارجہ
سکھ برادری نے پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی سرزمین دشمن کے لیے نہیں، پاک فوج کے لیے ہے۔ یہاں لنگر، پانی اور دعائیں صرف ان مجاہدین کے لیے ہیں جو ظلم کے خلاف کھڑے ہوتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان وہ سرزمین ہے جس سے سکھ مذہب کی روحانی وابستگی ہے اور اسے نقصان پہنچانا سکھ برادری کے لیے ناقابل برداشت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشین ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، پہلگام واقعے پر انڈین الزامات کو مسترد کردیا
سکھ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انڈیا اس حملے کو جواز بنا کر اپنی اندرونی ناکامیوں اور سیاسی انتشار سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، لیکن دنیا کو جان لینا چاہیے کہ یہ سب ایک منظم سازش اور جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔