پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے 25واں میچ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے مابین ملتان نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں زلمی نے سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا، سلطانز کی جانب سے اوپننگ کے لیے کپتان محمد رضوان اور یاسر خان آئے اور دونوں ہی کھلاڑی کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔
زلمی گیندبازوں نے سلطانز بیٹرز کو ہلنے تک نہ دیا اور سلطانز کے یکے بعد دیگرے ایک ایک کرکے تمام کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ سلطانز کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں محض 108 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
ملتان کی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر مکمل طور پر ناکام نظر آئی۔ شاہد عزیز اور ڈیوڈ ولی بالترتیب 1 اور 8 رنز بنا سکے، جب کہ محمد عامر برکی 3 اور یاسر خان 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

سلطانز کی جانب سے شائے ہوپ 23، طیب طاہر 22 اور کپتان محمد رضوان 17 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
پشاور زلمی کے احمد دانیال نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ لک ووڈ اور معاذ صداقت نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ علی رضا، صائم ایوب اور الزاری جوزف کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 109 رنز کا ہدف 13 اوورز میں باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
صائم ایوب 49 رنز کی دلکش اننگز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جس میں انہوں نے 4 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ ان کے ساتھ میکس برائنٹ نے 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر فتح کو یقینی بنایا۔
کپتان بابر اعظم ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 8 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے، جب کہ مچل اووین صرف 1 رن پر پویلین لوٹ گئے۔

سلطانز کی جانب سے بیٹنگ کے بعد روایتی بولنگ بھی دیکھنے کو ملی۔ گیندباز کچھ خاص کمال نہ کرسکے۔ سلطانز کے گیندباز شاہد عزیز کی جانب سے اچھی بولنگ دیکھنے کو ملی، جنہوں نے 3 اوورز میں 17 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصلی کیں، جب کہ ایک وکٹ ڈیوڈ ویلے کے نام رہی۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے، جب کہ پشاور زلمی ابھی بھی پلے آف کی دوڑ میں موجود ہے۔