ملک میں قتل و خون ریزی کی نئی لہر نے ایک بار پھر خوف کی فضا پھیلا دی ہے۔ گوجرانوالہ سے لے کر مستونگ تک، گولیوں کی گونج اور ماتم کی صدائیں ہر سو سنائی دے رہی ہیں۔
گوجرانوالہ کے نواحی علاقے تتلے عالی میں اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب دیرینہ دشمنی نے پانچ جانیں نگل لیں۔ اڑتالی ورکاں میں پیش آنے والے ہولناک واقعے میں ملزم عمران نذیر ورک نے دشمنی کی آگ میں اندھا دھند فائرنگ کر کے عمر، بلا، عثمان اور دو دیگر افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو زخمی اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق یہ لرزہ خیز قتل پرانی رنجش کا نتیجہ تھا، اس واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھی موت کا رقص جاری رہا۔ علاقہ کل ہزار خان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے، جبکہ ان کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔