وزیرِدفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر انڈیا نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی یا اس مقصد کے لیے تعمیرات کیں تو انہیں تباہ کردیں گے۔
نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ آج کی اعلیٰ سطحی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ انڈیا کی جانب سے کسی بھی وقت جارحیت کا خدشہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انڈیا نے ہماری سرزمین پر قبضے کی کوئی کوشش کی تو اسے ایسی بھاری قیمت چکانی پڑے گی جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا۔
وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ اگر انڈیا نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی یا اس مقصد کے لیے کوئی تعمیرات کیں، تو پاکستان ان منصوبوں کو تباہ کر دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈین حکمران خواب دیکھ رہے ہیں، خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں، لیکن یہ خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوں گے۔ ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے، ہماری مکمل تیاری ہے۔
مزید پڑھیں: انڈیا خطے میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے، بیرون ملک دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، پاکستان
خواجہ آصف نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حال ہی میں انڈین رافیل طیارے پاکستان کی سرحد کے قریب آئے، مگر ان کا نظام جام ہوگیا، جسے پاکستانی دفاعی قوت کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری طرف سینئر صحافی شہزاد اقبال نے دعویٰ کیا کہ انڈیا نے اپنے جنگی جنون میں شدت لاتے ہوئے 300 سے زائد لڑاکا طیارے پاکستانی سرحد کے قریب واقع ایئربیسز پر تعینات کر دیے ہیں۔ پاکستان نے اس صورتحال کے پیش نظر اپنی عسکری تیاریوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم اور ان کے ساتھ موجود معززین نے بغیر کسی رکاوٹ کے بین ایجنسی کوآرڈینیشن اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے اور فیصلہ کن طور پر جواب دینے کے لیے آپریشنل تیاری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایجنسی کی پیشہ ورانہ مہارت اور ذہانت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے قومی مفادات کے تحفظ اور پیچیدہ اور متحرک حالات میں باخبر قومی سلامتی سے متعلق فیصلہ سازی کے قابل بنانے میں اس کے اہم کردار کی تعریف کی۔
لازمی پڑھیں: شہباز شریف کاآئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ، “پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے”
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ہماری بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ پاکستان آرمی دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل افواج میں سے ایک ہے۔
قیادت نے وطن کے دفاع کے لیے پاکستان کے غیر مبہم عزم کا اعادہ کیا اور اس بات سے آگاہ کیا کہ قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ مسلح افواج قومی طاقت کے دیگر تمام عناصر اور ریاستی اداروں کے تعاون سے ہر حال میں پاکستان کی سلامتی، وقار اور عزت کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح تیار رہیں۔