ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا پاکستان نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کے 75 سے 80 فائٹر طیاروں نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس پر پاکستانی فضائیہ نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستانی ایئر فورس نے دشمن کے کم از کم پانچ طیارے مار گرائے جن میں تین لڑاکا طیارے اور دو بغیر پائلٹ کے ڈرون شامل ہیں۔ انہوں نے کہاجس بھارتی فائٹر نے بمباری کی کوشش کی، ہم نے اسی کو نشانہ بنایا۔ اگر ہماری افواج کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا نہ کہا جاتا تو دشمن کے صرف پانچ نہیں بلکہ پندرہ طیارے گرائے جاتے۔
ڈپٹی وزیر اعظم نے انکشاف کیا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کو نشانہ بنانا بھارتی افواج کی سنگین خلاف ورزی ہے، جسے انہوں نےدگنا مجرمانہ ایکٹ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جب کہ غیر ملکی سفیروں کو بھی رات کے واقعے کے بعد بریفنگ دی گئی۔ اسپین کے وزیر خارجہ سمیت متعدد عالمی رہنماؤں سے رابطہ کیا گیا ہے اور اسلامی تعاون تنظیم کو بھی مکمل صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے پہل نہیں کی، لیکن دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب ضرور دیا ہے۔ پہلے ہی کہا تھا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔