غزہ پر اسرائیلی بمباری میں تیزی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 106 فلسطینی شہید اور 350 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی طیارے رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں اور بنیادی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔
جنوبی غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج اور حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈ کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
القسام بریگیڈ نے ایک کارروائی میں اسرائیلی فوج پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان پر بھی فضائی حملہ کیا جس میں ایک شہری شہید اور 8 زخمی ہوئے۔
اسرائیلی حملوں کا دائرہ کار مسلسل پھیل رہا ہے جب کہ عالمی برادری کی خاموشی اس خون ریزی پر سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
امریکی حمایت یافتہ اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ مکمل طور پر انسانی بحران کی لپیٹ میں ہے، شہید فلسطینیوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
عالمی ادارے اب تک صرف تشویش تک محدود ہیں جب کہ زمینی حقائق ہر لمحہ مزید بھیانک شکل اختیار کر رہے ہیں۔