امیر جماعت اسلامی پاکستان کی کال پر ملک بھر میں’یوم عزم‘ منایا گیا، نماز جمعه کے بعد ملک کے چھوٹے، بڑوں شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں، حکومت پر دباؤ برقرار رکھیں تاکہ امریکا کے کہنے پر سودے بازی نہ کرسکے۔
لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے انڈین مخالف نعروں پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم فلسطینیرں بھائیوں کو نہیں بھولے، 17 مئی کو ایبٹ آباد، 18 مئی کو ملاکنڈ اور 25 مئی کو بنوں میں تاریخی مارچ ہوں گے۔ ہم اسرائیل کے ساتھ انڈیا کی بھی مذمت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور فوج کا ساتھ دیں گے، یہ ساتھ اس بات سے مشروط ہے کہ آپ قوم کی نمائندگی کریں، قوم کے جذبات کا احترام کریں، سیاسی قیدیوں کو رہا کریں، تمام صوبوں کو ان کے حقوق دیں۔ اس وقت ملک میں تفریق پیدا نہ کریں بلکہ حکومت پر دباؤ برقرار رکھیں تاکہ وہ امریکا کے کہنے پر انڈیا سے سودے بازی نہ کرسکے۔
ملتان میں بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام وطنِ عزیز کی حفاطت اور دشمن کو مُنہ توڑ جواب دینے کے لیے یک جان، یک آواز ہیں۔ پہلگام کا جھوٹا بھارتی منصوبہ خود فاشسٹ مودی اور بھارتی جنونیوں کو دُنیا میں بےنقاب کرگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت سے توقعات رکھنے والوں کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہیں کہ کوئی ملک مدد نہیں کرے گا، پاکستان کے استحکام اور حفاظت کے لیے پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے اور انسانی اتحاد و یکجہتی ہی سب سے بڑی طاقت ہے۔ افواجِ پاکستان پر پوری قوم کو فخر ہے عوام کا قومی سلامتی کے لیے اتحاد ہی سب سے بڑی طاقت ہے۔
امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی غالب اکثریت اسلام اور دفاعِ پاکستان کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔ پوری قوم کو پُرعزم بنیادوں پر طویل مدت کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔ لاہور، مریدکے، بہاولپور، مظفرآباد، کوٹلی میں شہری آبادیوں پر بھارتی بزدلانہ حملے قابلِ مذمت ہیں۔