وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتہ کی صبح امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کو ٹیلیفون کیا اور انہیں انڈٰیا کی جانب سے کیے گئے حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے انڈیا کو دیے گئے فوری اور مؤثر جواب سے بھی حافظ نعیم کو آگاہ کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے انڈین جارحیت کے خلاف حکومتِ پاکستان کے ردعمل کو سراہا اور کہا کہ جماعت اسلامی اس ٹھوس اور بروقت جواب پر حکومت اور افواجِ پاکستان کو مبارک باد پیش کرتی ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا گیا کہ پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں دنیا تک پہنچانے کے لیے انگریزی کے ساتھ ساتھ عربی، چینی اور ہسپانوی زبانوں میں بھی ترجمان مقرر کیے جائیں تاکہ پیغام صرف حکومتوں نہیں بلکہ عوام تک بھی پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اختلافات بھلا کر ایک صف میں کھڑی ہے اور جذبۂ یکجہتی سے سرشار ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے زور دیا کہ سفارتی محاذ پر بھی متحرک کردار ادا کیا جائے اور عالمی برادری کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ جماعت اسلامی، حکومت اور فوج کے شانہ بشانہ ہے۔