پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نےدعویٰ کیا ہے کہ انڈیا نے طیاروں کے ذریعے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے راولپنڈی کی نور خان بیس، شورکوٹ بیس اور مرید بیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔
جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں پاکستان فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے انڈین حملوں پر جوابی کارروائی کے طور پرآپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا گیاہے۔
یہ ایک قرآنی آیت کے الفاظ ہیں جس کا مطلب ’سیسہ پلائی ہوئی دیوار‘ بنتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے جوابی کارروائی میں پٹھان کوٹ، اودھم پور سمیت انڈیا میں مختلف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
پاکستان نے جوابی حملے میں سرسہ ائیر فیلڈ، اودھم پور اور بٹھنڈہ ائیر فیلڈ کو تباہ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ انڈیا کا ملٹری سیٹیلائٹ جیم اور انڈین وزیراعظم کی ویب سائٹ ہیک کر لی گئی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آدم پور میں بھارت کا ایس 400 سسٹم تباہ کر دیا گیا، پاکستانی فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کے ہائپر سونک میزائلوں نے حملہ کیا، بھارتی ایئر ڈیفنس سسٹم کی مالیت لگ بھگ 1.5 بلین ڈالر ہے۔
پاکستان کی جانب سے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ اور پٹھان کوٹ میں ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے حالیہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، اس اتھارٹی کا اہم ترین مقصد پاکستان کے جوہری اسلحے کی نگہبانی اور اسے استعمال کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنا ہے۔
عالمی رہنماؤں نے پاکستان اور انڈیا سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تناؤ میں کمی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارسے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کو 10 مئی کی صبح 3 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔