Follw Us on:

پاکستان انڈیا سیز فائر پر پاکستانی رہنماؤں کا ردعمل

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Whatsapp image 2025 05 10 at 8.16.53 pm (1)
امریکا کی ثالثی میں پاکستان اور انڈیا میں ہونے والی جنگ بندی پر پاکستانی رہنماؤں نے مختلف ردِعمل ظاہر کیا۔ (فوٹو: گوگل)

امریکا کی ثالثی میں پاکستان اور انڈیا میں ہونے والی جنگ بندی پر پاکستانی رہنماؤں نے مختلف ردِعمل ظاہر کیا ہے، کچھ اسے پاکستان کی کامیابی تو کچھ انڈیا کو مزید سبق سکھانے پر زور دے رہے ہیں۔

سابق وزیرِاعظم و صدر مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ “اللّہ ربّ العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سر بلند کیا، میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر سندھو اور افواجِ پاکستان کو شاباش اور مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے۔”

امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے جنگ بندی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ “الحمدللہ! یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ ثابت ہوگیا کہ اسلام، ایمان اور جذبہٖ جہاد ہی پاکستانی قوم کو کو متحد کرسکتے ہیں اور افواج کو قوت فراہم کرسکتے ہیں۔ پاکستان کو اب انڈیا پر برتری حاصل ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت جیتی ہوئی جنگ مذاکرات کی میز پر نہیں ہارے گی۔ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پوری قوت سے اٹھایا جائے، قوم کشمیر پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کرے گی۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر پر پیش رفت ہونی چاہیے۔ سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے۔”

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایکس پر لکھا کہ” پاکستان جیت گیا! الحمدُ للّٰہ! وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، افواج پاکستان اور نواز شریف نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اور دنیا کو سمجھا دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور پاکستان محفوظ اور محب وطن ہاتھوں میں ہے۔”

پاکستان کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے ایکس پر لکھا ہے کہ “پاکستان اور انڈیا نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔”

سابق وزیرِخارجہ و چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنگ بندی پر ردِعمل دیتے ہوئے نجی نشریاتی ادارے سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کی دنیا معترف ہے، پاکستان امن کا خواہشمند ہے مگر خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہونے اور تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا پاکستان میں مسلسل دہشتگردی کی حمایت کر رہا ہے، ہم نے انڈین جاسوس کلبھوشن کو پکڑا جو دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث ہے، انڈیا بلوچستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے سوال کیا کہ انڈیا پہلگام واقعے کی عالمی تحقیقات سے کیوں ہچکچا رہا ہے؟ انڈیا نے جعفر ایکسپریس کی مذمت نہیں کی،پاکستان نے انڈین جارحیت کے خلاف عالمی قوانین کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کیا، انڈیا سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے جنگ بندی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ “پاکستان کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر بابر اور ہماری مسلح افواج کی قیادت کو ان کے پیشہ ورانہ، دلیرانہ اور پرعزم جواب دینے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔

احسن اقبال نے کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان اور ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ قوم اپنے بہادر سپوتوں اور کمانڈروں کو ان کی غیر متزلزل جرات اور مثالی بہادری پر سلام پیش کرتی ہے۔شاباش! پاکستانی پرچم کو بلند رکھیں!

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ “اللہ ربّ العزت کا شکر ہے پاکستان سرخرو ہوا۔ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر سندھو اور افواجِ پاکستان کو شاباش اور پوری قوم کو مبارکباد الحمدللہ #پاکستانزندہباد۔”

وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ “جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان نے کبھی جنگ کی خواہش نہیں کی لیکن ہم ہمیشہ عزم کے ساتھ اپنی خودمختاری کا دفاع کریں گے۔ اپنی بہادر مسلح افواج اور اپنے لوگوں کے غیر متزلزل جذبے پر فخر ہے۔ ایک ساتھ، ہم مضبوط کھڑے تھے۔ پاکستان زندہ باد!”

سینیٹر شیریں رحمان نے ایکس پر لکھا کہ “پاکستان اور اس کی سول اور ملٹری قیادت کو اس جنگ سے وقار، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کے ساتھ نکلنے پر مبارکباد، وزیرِاعظم شہباز شریف، صدر زرداری اور جنرل عاصم منیر نے ہماری بہادر فوج کے ساتھ مل کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ تمام پلیٹ فارمز پر مادر وطن کا شاندار طریقے سے دفاع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے روایتی ڈیٹرنس کے لیے پاکستان کی واضح صلاحیت کا بھی واضح پیغام دیا ہے۔

شیریں رحمان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ انڈیا پر زور دیا جائے کہ وہ پانی اور کشمیر سمیت وسیع تر مذاکرات کے لیے میز پر تعمیری انداز اپنائے۔ پاکستان کے دروازے منصفانہ اور مساوی شرائط پر بات چیت کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انڈین میڈیا کے لیے بھی وقت آ گیا ہے کہ وہ سبق سیکھیں اورایک سنجیدہ اینڈگیم کے لیے سیاسی جگہ کو کم نہ کرے۔”

واضح رہے کہ امریکا کی ثالثی میں آج پاکستان اور انڈیا کے مابین جنگ بندی ہوچکی ہے۔ امریکی صدر نے ایکس پر اعلان کیا کہ “امریکہ کی ثالثی میں رات بھر جاری رہنے والے طویل مذاکرات کے بعد انڈیا اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔”

انہوں نے دونوں ممالک کو “عقل مندی اور شاندار فہم و فراست” کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایک خوش آئند قدم ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس