عالمی معیشت کے دو بڑے ستون امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ نے جنیوا میں چینی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک نے باہمی تجارتی ٹیرف میں 115 فیصد کمی پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ کے مطابق یہ پیش رفت ایک طویل اور پیچیدہ مذاکراتی عمل کے بعد ممکن ہوئی ہے جس کے تحت امریکا اور چین نے 90 دن کے لیے نئے تجارتی اقدامات کو مؤخر کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
اس فیصلے کا مقصد باہمی اعتماد کو فروغ دینا اور مزید مذاکرات کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔
چینی وزارت کامرس نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ ٹیرف میں کمی نہ صرف چین اور امریکا بلکہ پوری دنیا کے مشترکہ مفاد میں ہے۔
چینی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکا مستقبل میں بھی تجارت کے معاملے پر چین کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
اس سے قبل عالمی منڈی غیر یقینی صورتحال کا شکار ے تھی، جبکہ اس فیصلے سے دنیا بھر کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔