پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے معطل شدہ میچز کے انعقاد سے متعلق پیش رفت سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 16 اور 18 مئی کو بقیہ میچز کرانے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے جبکہ حتمی شیڈول جاری کرنے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بقیہ 8 میچز کے لیے ابتدائی پلاننگ مکمل کی جا چکی ہے تاہم حتمی تاریخوں، مقامات اور براڈکاسٹنگ امور پر فرنچائز مالکان، نشریاتی اداروں اور غیر ملکی کھلاڑیوں سے مشورے جاری ہیں تاکہ کسی بھی تکنیکی یا لاجسٹک رکاوٹ سے بچا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور اور راولپنڈی کو میچز کی میزبانی کے لیے ممکنہ وینیوز کے طور پر منتخب کیا جا رہا ہے اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے جلد حتمی منظوری متوقع ہے۔
متوقع شیڈول کے مطابق 16 مئی سے پلے آف مرحلے کا آغاز ہو سکتا ہے جبکہ فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ پاک انڈیا کشیدگی کے باعث پی ایس ایل 10 کے میچز ملتوی کر دیے گئے تھے۔
اب جنگ بندی کے بعد دوبارہ کرکٹ سرگرمیاں بحال کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے اور شائقین کو جلد ایک بار پھر میدانوں میں جوش و خروش دیکھنے کو مل سکتا ہے۔