پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق نیوزی لینڈ کرکٹر اور عالمی شہرت یافتہ کوچ مائیک ہیسن کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کیا کہ مکمل جانچ پڑتال کے بعد مائیک ہیسن کو ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔ وہ 26 مئی سے عہدہ سنبھالیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کا امیگریشن کے ’ٹوٹے ہوئے نظام‘ کو درست کرنے کا فیصلہ، کیا اصلاحات ہوں گی؟
محسن نقوی نے کہا کہ بورڈ کو یقین ہے کہ مائیک ہیسن اپنی عالمی کوچنگ مہارت اور وسیع تجربے کے ساتھ پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ کو نئی راہ دکھائیں گے۔ ان کے مطابق ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے کئی درخواستیں موصول ہوئیں جن کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا۔
After evaluation of numerous applications received against the vacancy, I'm pleased to announce that former New Zealand cricketer and renowned coach, Mike Hesson, will join us as the new Whiteball Head Coach for the Pakistan National Team, effective May 26th. We look forward to…
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) May 13, 2025
عاقب جاوید کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سنٹر مقرر کیا گیا ہے تاکہ کرکٹ ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔ مائیک ہیسن اور عاقب جاوید مل کر قومی ٹیم کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔
اس کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے تمام مینٹورز کو ان کے عہدوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نے ایک اہم اجلاس میں ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ فارغ کیے گئے مینٹورز میں وقار یونس، شعیب ملک، ثقلین مشتاق، مصباح الحق اور سرفراز احمد شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور سرفراز احمد کو بورڈ میں دیگر اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ ان کا تجربہ کسی اور شعبے میں استعمال ہو سکے۔