ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے برادر پاکستانی قوم کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ترکیہ، ہمیشہ کی طرح، پاکستان کے ساتھ اچھے اور برے وقت میں کھڑا رہے گا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ انہوں نے کشمیر میں دہشت گرد حملوں اور پاکستان پر میزائل حملوں کے خلاف ترکیہ کے واضح اور اصولی موقف کو دنیا کے سامنے رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جوہری ہمسایہ ممالک کے درمیان شدید کشیدگی نے خطے کو ایک خطرناک موڑ تک پہنچا دیا تھا، جسے کم کرنے کے لیے ترکیہ نے سفارتی سطح پر بھرپور کوششیں کیں۔
صدر ایردوان نے اس موقع پر بتایا کہ انہوں نے اپنے برادر وزیراعظم شہباز شریف کو فون کر کے حالات پر تفصیلی گفتگو کی ، انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی بھائیوں کو ان کے صبر، تحمل اور دانشمندانہ رویے پر ایک بار پھر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے پاکستان کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی میں نہ آئے اور خطے میں امن کو موقع دے۔ صدر ایردوان نے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی کے بعد قائم ہونے والا پرسکون ماحول تمام مسائل، خصوصاً پانی کے مسئلے کے حل میں معاون ثابت ہوگا۔
صدر ایردوان کا کہنا تھا کہ ترکیہ، ایک برادر ملک کی حیثیت سے، ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کا حامی رہا ہے اور آئندہ بھی اس عزم پر قائم رہے گا۔