نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ انڈین جارحیت پر پہلے دن فیصلہ کر لیا تھا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، انڈیا نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، معرکہ حق میں تاریخی کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
سینٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نےکہا کہ پاکستان نے انڈین جارحیت کے باوجود ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، پاکستان نے اپنے دفاع میں جوابی کاروائی کی، جو دنیا نے دیکھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انڈین جارحیت میں پاکستان کے ایک بھی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا، انڈیا نے آج تک جعفر ایکسپریس حملے کی مذمت نہیں کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزارت خارجہ میں دو دفعہ سفارتی مشنز کو انڈین جارحیت پر بریفنگ بھی دی گئی، پاکستان پر بے بنیاد الزام تراشی انڈیا کا پرانا وطیرہ ہے، پہلگام واقعے کے فوری بعد انڈیا نے یکطرفہ غیرقانونی اقدامات کیے، قومی سلامتی کمیٹی نے انڈین جارحیت کے جواب میں فوری فیصلے کیے، سندح طاس معاہدے کی یکطرفی معطلی پر انڈیا کےلیے فضائی حدود بند کی۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال پر دوست ممالک سے رابطے میں تھے، دوست ممالک کے سربراہان کو بتایا ہم تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، انڈین میڈیا نے پہلگام واقعہ کے بعد جھوٹا پروپیگنڈا کیا، وزیراعظم نے پہلگام واقعے کے الزامات کو سختی سے مسترد کیا، وزیراعظم نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ شفاف تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔
مزید پڑھیں: نریندر مودی کا بیان خطرناک، عالمی قوانین کی کھلی توہین ہے، پاکستان
نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ انڈین جارحیت پر پہلے دن فیصلہ کر لیا تھا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، انڈیا نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، معرکہ حق میں تاریخی کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ رافال سمیت دیگر لڑاکا طیاروں کی تباہی پر انڈیا کو عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، پاک فضائیہ نے انڈیا کے 6 طیارے مار گرائے، انڈیا نے سکھ برادری کو پاکستان کے خلاف اکسانے کےلیے امرتسر پر خود میزائل داغ دیے، پاکستان نے انڈیا کی جانب سے بھیجے گئے 80 ڈرونز کو تباہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی بھی ملک سے جنگ بندی کےلیے رابطہ نہیں کیا، بات چیت کے دوران بھی انڈیا نے جارحیت جاری رکھی، پاکستان نے ثابت کیا کہ جو کہا وہ کر دکھایا، لڑاکا طیارون کی تباہی کے بعد انڈیا نے عالمی سطح پر جھوٹ پھیلایا۔
وفاقی وزیرِ خارجہ نے وزیراعظم کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن اور جنگ دونوں کے لیے تیار ہیں، انڈیا ایل او سی پر سفید جھنڈے لہرا کر بھاگا، انڈیا نے سندھ طاس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کےلیے پہلگام واقعے کا جھوٹا الزام پاکستان پر لگایا۔