امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجارتی اعلان میں کہا ہے کہ امریکا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 200 ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے طے پا گئے ہیں جن میں اتحاد ایئرویز کی جانب سے 14.5 ارب ڈالر کا ایک بڑا معاہدہ بھی شامل ہے۔
اس ڈیل کے تحت اتحاد ایئرویز 28 جدید بوئنگ طیارے خریدے گی، جنہیں جی ای ایرو اسپیس کے انجنوں سے لیس کیا جائے گا۔
ابو ظہبی کی سرکاری ایئرلائن اتحاد نے جمعہ کو اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ بوئنگ 787 اور اگلی جنریشن کے 777X ماڈلز کی خریداری کر رہی ہے۔
یہ طیارے 2028 سے ایئرلائن کے بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ سرمایہ کاری نہ صرف امریکا اور یو اے ای کے درمیان طویل المدتی تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی بلکہ امریکی مینوفیکچرنگ، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گی۔
اس معاہدے پر بوئنگ اور جی ای کی جانب سے فی الحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
اتحاد ایئرویز کے سی ای او انتونوالدو نیویس نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ ایئرلائن 2025 کے دوران 20 سے 22 نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کرے گی۔
ایئرلائن کا ہدف 2030 تک اپنے فضائی بیڑے کو 170 طیاروں تک وسعت دینا ہے تاکہ ابوظہبی کی معیشت کو مزید متنوع بنایا جا سکے۔
2025 میں شامل کیے جانے والے طیاروں میں 10 ایئربس A321LR، 6 ایئربس A350 اور 4 بوئنگ 787 شامل ہوں گے۔ یہ طیارے رواں سال اگست سے پروازوں کا آغاز کریں گے۔
واضح رہے کہ بوئنگ کو اس ہفتے ایک اور بڑی کامیابی اس وقت ملی جب قطر ایئرویز نے 160 جدید جیٹ طیاروں کا آرڈر دیا جس کی مالیت 96 ارب ڈالر ہے جبکہ مزید 50 طیاروں کے اختیارات بھی شامل ہیں۔