پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دل کی تکلیف کے باعث کوٹ لکھپت جیل سے فوری طور پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جمعے کی صبح فجر کے بعد اچانک طبیعت بگڑنے پر جیل انتظامیہ نے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی، تاہم حالت تشویشناک محسوس ہونے پر اسپیشل میڈیکل ٹیم کی سفارش پر انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پی آئی سی کے ماہرین امراض قلب نے فوری طور پر سابق وزیرخارجہ کا معائنہ شروع کر دیا ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی حالت کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام ضروری ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل نے تصدیق کی ہے کہ ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی تھی جو اسپتال پہنچ چکے ہیں اور ان کی حالت سے باخبر ہیں۔
یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کے مقدمات میں زیر حراست ہیں اور کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔ موجودہ صورت حال کے باعث ان کی طبی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید ٹیسٹ رپورٹس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
مزیر پڑھیں: وزیرریلوے کی وزیراعلیٰ سے ملاقات: ’مریم نواز نوجوانوں کا ماں کی طرح خیال رکھ رہی ہیں‘