ڈی ایس پی احسان اشرف بٹ کی زیر نگرانی لاہور میں مصری شاہ پولیس نے رنگ سازی کے بہانے گھروں میں چوری کی وارداتیں کرنے والا خطرناک گینگ گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق چند روز قبل ایک کاروباری شخصیت کے گھر میں رنگ و روغن کے بہانے داخل ہو کر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کیے گئے تھے۔
واردات کے بعد مصری شاہ پولیس متحرک ہوئی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گینگ کے دو اہم ملزمان سیف اللہ اور کلیم اللہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایچ او مصری شاہ علی دستگیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا، جن کے قبضے سے 13 لاکھ روپے نقدی اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسلام کی بنیاد پر بنا، کسی سیاستدان یا آرمی چیف کے لیے نہیں، حافظ نعیم الرحمان
ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے واردات کی بروقت ٹریسنگ اور ملزمان کی فوری گرفتاری پر ایس ایچ او علی دستگیر اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
لاہور: کوٹ لکھپت میں پولیس مقابلہ، خاتون قتل، ملزم گرفتار
دوسری جانب لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت کے بابر چوک میں پولیس مقابلے کے دوران ایک خاتون قتل ہو گئی، جب کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ کی اطلاع 15 پر موصول ہوئی، جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ملزم آصف کی مقتولہ فرحت نامی خاتون سے دوستی تھی، جسے اس نے بہانے سے اپنے گھر بلایا اور وہاں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہم پاکستان اور انڈیا پرزور دیں گے کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کریں، برطانوی وزیرخارجہ
پولیس کے مطابق واقعہ کے دوران ملزم گھر کے اندر سے مسلسل پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کرتا رہا۔
اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ ملزم کو قابو میں لے کر حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔