سابق وزیر خارجہ و پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے رابطہ کر کے انہیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
انہوں نے اس بات کی تصدیق سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کی اور کہا کہ انہیں وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے لیے امن کا مقدمہ عالمی فورمز پر پیش کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
بلاول نے ایکس پر لکھا کہ”آج وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مجھ سے رابطہ کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے امن کے مؤقف کو عالمی سطح پر پیش کرنے کے لیے وفد کی قیادت کرنے کی درخواست کی۔ یہ ذمہ داری قبول کرنا میرے لیے باعثِ فخر ہے اور میں ان مشکل حالات میں پاکستان کی خدمت کے لیے پُرعزم ہوں۔ پاکستان زندہ باد”
I was contacted earlier today by Prime Minister @CMShehbaz, who requested that I lead a delegation to present Pakistan’s case for peace on the international stage. I am honoured to accept this responsibility and remain committed to serving Pakistan in these challenging times.…
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) May 17, 2025
واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب خطے اور دنیا میں سیکیورٹی اور جغرافیائی سیاسی صورتحال پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے اور پاکستان سفارتی محاذ پر فعال کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ تاحال حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس بارے میں باقاعدہ کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، نہ ہی وفد کے دیگر ارکان کے نام سامنے آئے ہیں اور ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہوا کہ یہ وفد کب اور کن ممالک کا دورہ کرے گا، تاہم وزارتِ خارجہ اور وزیرِاعظم آفس کی جانب سے جلد اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری کیے جانے کی توقع کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی اور جنگ بندی کے بعد انڈین حکومت نے اپنے ارکان پارلیمنٹ کا وفد مختلف ممالک بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔
انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) کے سینیئر رہنما ششی تھرور نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’انڈین حکومت کی جانب سے پانچ اہم دارالحکومتوں میں آل پارٹی وفد کی قیادت کے لیے دعوت ملنے کا مجھے اعزاز حاصل ہوا ہے۔ جب قومی مفاد کی بات ہو اور میری خدمات درکار ہوں، تو میں کبھی پیچھے نہیں رہوں گا۔‘
I am honoured by the invitation of the government of India to lead an all-party delegation to five key capitals, to present our nation’s point of view on recent events.
— Shashi Tharoor (@ShashiTharoor) May 17, 2025
When national interest is involved, and my services are required, I will not be found wanting.
Jai Hind! 🇮🇳 pic.twitter.com/b4Qjd12cN9
انڈین پارلیمنٹ کے ارکان مختلف ممالک میں جاکر جنوبی ایشیا کی صورت حال کے تناظر میں اپنے ملک کی پوزیشن واضح کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے پریس انفارمیشن بیورو( پی آئی بی) دہلی کی جانب سے جاری کیا گیا ایک سرکاری اعلامیے کی تصویر بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی تھی۔
اعلامیے کے مطابق ’آپریشن سندور اور سرحد پار دہشت گردی کے خلاف انڈیا کی جاری جنگ کے پس منظر میں، سات جماعتی وفد رواں ماہ کے آخر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان سمیت دیگر اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کرے گا۔