نیویارک سٹی میکسیکن بحریہ کا تربیتی جہاز بروکلین برج سے ٹکرا گیا۔
نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، جہاز کے اونچے مستول پل سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ان کے اوپری حصے کٹ گئے اور کم از کم 19 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جہاز مشرقی دریا کے راستے بروکلین برج کے نیچے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ جہاز کے مستول 147 فٹ بلند تھے، جو پل کی اونچائی سے زیادہ نکلے اور یوں یہ ٹکراؤ پیش آیا۔ حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں نیول کیڈٹس کو سفید وردیوں میں جہاز کی رکاوٹوں سے لٹکتے اور راہگیروں کو خوفزدہ ہو کر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صرف تین مہینوں میں فیملی عدالتوں کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ، معاشرتی شعور یا بڑھتے مسائل؟
میکسیکو کی بحریہ نے بتایا کہ جہاز پر 277 افراد سوار تھے اور حادثے میں 22 زخمی ہوئے، جن میں سے 19 کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ خوش قسمتی سے کوئی بھی شخص دریا میں نہیں گرا، اس لیے ریسکیو آپریشن کی ضرورت نہیں پڑی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی ممکنہ وجہ مکینیکل خرابی ہو سکتی ہے، تاہم اس پر ابھی تحقیقات جاری ہیں۔ نیویارک شہر کے محکمۂ ٹرانسپورٹ کے مطابق، پل کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا اور ابتدائی معائنے کے بعد ٹریفک دونوں اطراف بحال کر دی گئی ہے۔
تربیتی جہاز، جو 1981 میں اسپین کے بلباؤ شہر میں تیار کیا گیا تھا، نیویارک کے ساؤتھ اسٹریٹ سی پورٹ میوزیم کے ساتھ مشترکہ طور پر شہر کے دورے پر آیا تھا۔ عوام کو اس دوران جہاز کا دورہ کرنے کی اجازت دی گئی تھی، اور اس کا دورہ ہفتے کی شام کو مکمل ہونا تھا۔ حادثے کے بعد یہ جہاز نیویارک سے روانہ ہو کر آئس لینڈ کی جانب جا رہا تھا۔
میکسیکو کی وزارت خارجہ نے بیان دیا کہ امریکا میں تعینات میکسیکن سفیر اور دیگر حکام زخمی کیڈٹس کی مدد کر رہے ہیں اور امریکی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔