Follw Us on:

پرفارمنس میں ہمارا مقابلہ کسی سابقہ حکومت سے نہیں بلکہ خود سے ہے، مریم نواز

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Maryam nawaz
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کمشنر اور ڈی سی کو پرفارمنس کے لیے مکمل آزادی حاصل ہے۔ (فوٹو: گوگل)

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کمشنر اور ڈی سی کو پرفارمنس کے لیے مکمل آزادی حاصل ہے، پرفارمنس میں ہمارا مقابلہ کسی سابقہ حکومت سے نہیں بلکہ خود سے ہے، مجموعی پرفارمنس بہتر رہی، مگر بہتری کی بہت گنجائش ہے۔

لاہور میں مریم نواز شریف کی زیر صدارت چھ گھنٹے طویل خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے 12 اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرامز کی پہلی مرتبہ باضابطہ منظوری دی گئی۔

اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی اور انسداد تجاوزات، بیوٹی فیکیشن، صفائی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا، باقی ماندہ اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں پر غور کے لیے اجلاس کل 20 مئی کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صفائی کا معیار قائم رکھنا اور تجاوزات کا خاتمہ انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پرفارمنس کے لیے مکمل آزادی دی گئی ہے اور کسی کو فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پرفارمنس میں ہمارا مقابلہ کسی سابقہ حکومت سے نہیں بلکہ خود سے ہے، مجموعی پرفارمنس بہتر رہی، مگر بہتری کی بہت گنجائش ہے۔ عوام کو ریلیف کا عملی احساس ہی حکومت کی اصل کامیابی ہے۔

Maryam meeting
ہمارا مقابلہ کسی سابقہ حکومت سے نہیں بلکہ خود سے ہے۔ (فوٹو: پی ایم ایل این)

مریم نواز نے کرپشن پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی موجودگی میں کرپشن ناقابل قبول ہے اور اس کے خلاف صوبہ بھر میں جامع کریک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے لینڈ ایکوزیشن کے تحت اراضی کے مالکان کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق ادائیگی، واگزار کرائی گئی اراضی کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سپورٹس ایریاز اور اربن فارسٹ کے قیام کی ہدایات جاری کیں۔

تجاوزات کے خلاف اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے انتظامی افسران کو روزانہ وزٹ کرنے اور روڈز پر لین مارکنگ کر کے عارضی تجاوزات روکنے کی ہدایت دی گئی۔ نئی تعمیر ہونے والی تمام سڑکوں کے ساتھ ٹف ٹائل فٹ پاتھ، سٹریٹ لائٹس اور درخت لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: شہبازشریف اور اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، بیرسٹر گوہر

وزیراعلیٰ نے منڈیوں کو شہری حدود سے باہر منتقل کرنے، یکساں طرز کی اپ لفٹنگ، بلڈنگ بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد اور اوور ہیڈ برجز پر سجاوٹی پلانٹرز، یکساں تھیم لائٹنگ اور سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا بھی حکم دیا۔

اجلاس میں ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، سیالکوٹ، بہاولپور، رحیم یار خان، گوجرانوالہ، فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع کے مخصوص منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ساہیوال کے جنرل بس اسٹینڈ کی منتقلی، صدر بازار و پاکپتن بازار کی اپ لفٹنگ، ملتان کی 278 سالہ تاریخی مسجد ولی محمد کی بحالی، 22 بس اسٹاپس کی تعمیر، شیرشاہ انٹرچینج اور لیاقت آباد روڈ کی اپ گریڈیشن اور نادرن بائی پاس کے ساتھ نو کلومیٹر طویل “ملتان ایونیو” منصوبے پر کام کی منظوری شامل ہے۔

سیالکوٹ میں 17 کنال پر سیالکوٹ فورٹ، اقبال منزل کی بحالی اور “باب سیالکوٹ” کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی گئی، جب کہ ڈی جی خان میں شاہ سکندر روڈ کی توسیع، بڑے سپورٹس ایریا کی تعمیر اور 4 الیکٹرک کارٹس کی فراہمی کا حکم جاری کیا گیا۔

Maryam meeting ii
سیالکوٹ میں 17 کنال پر سیالکوٹ فورٹ، اقبال منزل کی بحالی اور “باب سیالکوٹ” کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی گئی۔ (فوٹو: پی ایم ایل این)

بہاولپور میں فرید گیٹ کی بحالی، 200 سالہ تاریخی الصادق مسجد کی بیوٹی فیکیشن، رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور سیٹلائٹ و ماڈل ٹاؤن کی تزئین و آرائش کی منظوری دی گئی۔

رحیم یار خان کے اندرونی بازاروں کی مرمت، فائبر گلاس چھتوں، مسٹ فینز اور واٹر کولرز کی تنصیب کی منظوری بھی دی گئی۔ گوجرانوالہ میں لاہور کی طرز پر نئی فوڈ اسٹریٹ بنانے کی ہدایت کی گئی، جب کہ جی ٹی روڈ پر سالڈ ویسٹ ڈمپنگ سائٹ کو گرین ایریا میں بدلنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین کی دعوت پر کل بیجنگ جا رہا ہوں، ہمارے وفود امریکا سمیت مختلف ممالک کا دورہ کریں گے، اسحاق ڈار

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد میں 6416 کنال اور گوجرانوالہ میں 6566 مستقل تجاوزات کو ہٹایا گیا، جب کہ 116 بازاروں اور سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کیا گیا ہے۔ والڈ سٹی اتھارٹی کی مشاورت سے راولپنڈی کی تاریخی عمارات کی بحالی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب کو تجاوزات، کرپشن اور ناقص انفراسٹرکچر سے پاک کر کے ایک ماڈل صوبہ بنایا جائے گا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس