پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک خیرخواہ دوست کا کردار ادا کیا ہے۔
کراچی میں پاکستانی بحریہ کے فوجی جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’سلگتی آگ کو صدر ٹرمپ نے بھانپا اور ’مین آف پیس‘ بن کر سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے میں صدر ٹرمپ، ان کے ساتھیوں اور ٹیم نے صدق دل سے کام کیا اور جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں: آپریشن بنیان مرصوص میں شاہین میزائل داغنے کی خبریں بےبنیاد اور من گھڑت ہیں، دفترِ خارجہ
شہباز شریف نے صدر ٹرمپ سے متعلق بتایا کہ ’یہاں تک کہ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق بھی اپنا مخلصانہ کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’یہ آپ کی بہادری کے بدولت پاکستان کو اس مقام پر دوبارہ لا کھڑا کیا ہے۔ اب دنیا ایک بار پھر پاکستان اور انڈیا کا موازنہ کر رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سپہ سالاروں کی زبردست حکمت عملی، دلیرانہ فیصلے، پرکشش قیادت، آرمڈ فورسز کا ایک صفحے پر ہونے سے بھی یہ کامیابی ممکن ہو سکی۔ اب سبز پاسپورٹ کی عزت ہر جگہ اور خاص طور پر دوست ممالک میں بڑھ گئی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہم امن پسند قوم اور تمام تصفیہ طلب مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل چاہتے ہیں مگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو جواب دینا بھی جانتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’برادر اور دوست ممالک، جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور حوصلہ افزائی کی، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور حوصلہ افزائی کی۔ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر طیب اردوغان، متحدہ عرب امارات کے سربراہ، قطر کے امیر، آذربائیجان کے صدر اور دیرینہ دوست چین کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
یہ بھی پڑھیں: مودی کی پالیسیوں پر تنقید، انڈیا نے خاتون پروفیسر کی شہریت منسوخ کر دی
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ اب ہم معاشی اور سماجی میدان میں بھی پاکستان کو ترقی دے کر اس کی عزت میں مزید اضافہ کریں گے۔