پاکستان نے انڈین فوج کی طرف سے گولڈن ٹیمپل پر حملے کے الزام کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان گولڈن ٹیمپل جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، یہ الزام جھوٹا، بے بنیاد اور ناقابل قبول ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے خود 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات پاکستان میں عبادت گاہوں پر حملے کیے اور اب ان الزامات کے ذریعے اپنے ان قابل مذمت اقدامات سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا محافظ ہے اور یہاں ہر سال ہزاروں سکھ یاتری آتے ہیں۔
کرتارپور راہداری کے ذریعے پاکستان سکھ زائرین کو بغیر ویزا کے آنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس لیے انڈیا کا الزام نہ صرف جھوٹا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان امن کے لیے نقصان دہ بھی ہے۔