وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر آج خضدار میں سکول کی بچیوں اور اساتذہ پر دہشت گرد حملے کے بعد کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کریں گے۔
نجی خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو انڈین سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے کیے گئے، اس افسوسناک حملے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
دونوں اعلیٰ شخصیات حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت بھی کریں گے اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر کے اعزاز میں آج شام ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والی تقریب کو انہیں کی درخواست پر خضدار سانحے کے پیش نظر موخر کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ میرا تھا، وزیراعظم
یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں آج ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جس میں اسکول بس میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ تقریباً 36 افراد زخمی ہوگئے۔
دھماکا خضدار کے زیرو پوائنٹ کے قریب پیش آیا، جس میں اسکول بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
ڈپٹی کمشنر خضدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تمام بچے بس میں سوار تھے، جب کہ زخمی بچوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ فورسز اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے میں جاں بحق ہونے والی طالبات میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔
اس حملے میں متعدد بچے زخمی ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کے پیچھے انڈیا کا مسخ شدہ چہرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خضدار حملہ، 4 بچوں سمیت 6 جاں بحق: ’انڈیا کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انڈین حمایت یافتہ دہشتگرد پراکسیز، آپریشن بنیان مرصوص میں ناکامی کے بعد پاکستان میں معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انڈین حکومت کی طرف سے ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال نفرت انگیز اور ان کی پست اخلاقی اور بنیادی انسانی اصولوں کو نظر انداز کرنے کا عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس انڈین اسپانسرڈ حملے کے منصوبہ سازوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور انجام دینے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر انڈیا کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج بہادر قوم کے ساتھ مل کر پاکستان سے انڈین اسپانسرڈ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے متحد ہیں۔