سی آئی اے کے سیکیورٹی اہلکاروں نے جمعرات کی صبح تقریباً 4 بجے (مشرقی وقت کے مطابق) ایک خاتون پر گولیاں چلائیں، جو گاڑی میں سوار ہو کر ایجنسی کے مرکزی دروازے کے قریب پہنچی تھی۔
عالمی خبر ارساں ادارے رائٹرز کے مطابق خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سی آئی اے کے سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کیوں کی۔
فیئر فیکس کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ایک بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون زخمی ہوئی، تاہم اس سے جانی نقصان نہیں ہوا،خاتون کی صحت کے حوالے سے مزید تفصیلات فوری طور پر فراہم نہیں کی گئیں۔
پولیس کے بیان کے مطابق، فیئر فیکس پولیس اس وقت ٹریفک کنٹرول میں معاونت کر رہی ہے جبکہ سی آئی اے اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’کچھ پیش رفت ہو رہی ہے‘، روس اور یوکرین جلد جنگ بندی کے لیے مذاکرات کا آغاز کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ
واضح رہے کہ گزشتہ رات واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارتخانےکے دو ملازمین کو قتل کیا گیا تھا، فی الحال اس واقعے کا بدھ کی رات واشنگٹن ڈی سی میں دو اسرائیلی سفارت خانے کے ملازمین کے قتل سے کوئی تعلق سامنے نہیں آیا ہے۔
سی آئی اے کے ترجمان نے کہاکہ سی آئی اے ہیڈکوارٹر کے باہر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کی۔ مرکزی دروازہ فی الحال بند کر دیا گیا ہے اور آئندہ اطلاع تک بند رہے گا۔ اضافی تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
ایف بی آئی کے واشنگٹن فیلڈ آفس نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے واقعے کا جواب دیا اور یہ عوامی سلامتی کے لیے کسی جاری خطرےکا باعث نہیں ہے۔