خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس اور برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق حادثہ جمعے کی دوپہر تقریباً ساڑھے 12 بجے دریائے مسیسیپی میں پیش آیا، جب اٹلانٹک اسفالٹ نامی آئل ٹینکر نے بندرگاہ پر موجود امریکی ہیریٹیج نامی دریائی کروز کشتی کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں مسافر بردار کشتی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں پانی داخل ہونا شروع ہوگیا، جس کے باعث جہاز اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور ایک جانب جھک کر الٹ گیا۔

رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت کروز کشتی میں تقریباً 129 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے، جبکہ مجموعی طور پر امدادی کارروائیوں میں 180 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ کشتی میں پانی بھرنے اور اس کے الٹنے کے بعد صورت حال انتہائی خطرناک ہوگئی تھی، تاہم فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔

نیو اورلینز کی میئر ہیلینا مورینو نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ حادثے میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کو لاپتا قرار نہیں دیا گیا اور تمام افراد کا سراغ لگا لیا گیا ہے، دریائے مسیسیپی میں پانی کا بہاؤ تیز اور حالات مشکل ہوتے ہیں، اس کے باوجود تمام افراد کو بحفاظت نکال لینا غیر معمولی کامیابی ہے۔ مقامی حکام نے بڑے جانی نقصان سے بچ جانے کے واقعے کو دریائے مسیسیپی کا معجزہ بھی قرار دیا۔

امدادی کارروائیوں میں امریکی کوسٹ گارڈ، پولیس، بندرگاہ کے عملے اور قریبی کشتیوں نے حصہ لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے کشتی میں پھنسے افراد کو نکالنے کے ساتھ دریا میں گرنے والے مسافروں کو بھی پانی سے باہر نکالا۔ امدادی آپریشن کے دوران دو پولیس اہلکار بھی پانی میں اترے، جو بعد ازاں زخمیوں میں شامل تھے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے مجموعی طور پر 32 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی بھی زخمی کی حالت تشویشناک نہیں تھی۔

لوزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے ریسکیو ٹیموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دریائے مسیسیپی میں امدادی کارروائیاں آسان نہیں ہوتیں، کیونکہ یہاں پانی کا بہاؤ تیز اور حالات خطرناک ہوسکتے ہیں، ایسے مشکل ماحول میں تمام مسافروں اور عملے کو محفوظ نکالنا امدادی اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ آئل ٹینکر کو حادثے سے پہلے اسٹیئرنگ نظام میں خرابی کا سامنا ہوا تھا، تاہم امریکی کوسٹ گارڈ نے تاحال اس تکنیکی خرابی کو حادثے کی حتمی وجہ قرار نہیں دیا، واقعے کی مکمل چھان بین کی جائے گی، جبکہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ بھی تحقیقات میں حصہ لے گا تاکہ تصادم کے اصل اسباب اور ممکنہ غفلت کا تعین کیا جاسکے۔

حادثے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت دریائے مسیسیپی کے متاثرہ حصے میں بحری جہازوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی، تاکہ امدادی سرگرمیوں اور تحقیقات میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ دوسری جانب کروز کشتی چلانے والی کمپنی امریکن کروز لائنز نے متاثرہ مسافروں اور عملے کے لیے ہوٹلوں میں رہائش، سفری سہولتوں اور دیگر ضروری انتظامات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکام کے مطابق حادثے میں کشتی کو شدید نقصان پہنچا، تاہم بروقت امدادی کارروائیوں کے باعث ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔ واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی وجوہات اور ذمہ داری سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔